ملکارجن کھرگے کے پروگرام کو کامیاب بنانے عامر علی خاں اور فیروز خاں کا قائدین کے ساتھ اجلاس

   

جلسہ عام میں کثیر تعداد میں کارکنوں کی شرکت، بنیادی سطح پر شعور بیداری مہم
حیدرآباد ۔ 30۔ جون (سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے 4 جولائی کو دورہ حیدرآباد کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ملکارجن کھرگے کے شاندار استقبال اور لال بہادر اسٹیڈیم کے جلسہ عام میں کثیر تعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے جئے باپو جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کو دیہی علاقوں تک پہنچانے کے لئے تلنگانہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے سماج کو واقف کرانا اس مہم کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات سے بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ محمد فیروز خاں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ نے ہمیشہ پارٹی کے پروگراموں میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس کا حیدرآباد میں شایان شان استقبال کیا جائے گا اور لال بہادر اسٹیڈیم کے جلسہ عام میں کثیر تعداد میں کارکن شرکت کریں گے۔ نامپلی اسمبلی حلقہ سے بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی کثیر تعداد شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں جئے باپو ، جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کے تحت مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے جو ذمہ داریاں دی ہیں، ان کی تکمیل کے لئے ہر کارکن کو مساعی کرنی چاہئے۔ نامپلی اسمبلی حلقہ کے مختلف وارڈس سے تعلق رکھنے والے قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ گریٹر حیدرآباد کے پارٹی قائد محمد راشد خاں نے خیرمقدم کیا۔1