ملین مارچ کی طرز پر تلنگانہ بچاؤ جلسہ عام تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ کودنڈا رام کا اعلان

   

حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست صرف کے سی آر کے سبب نہیں بلکہ عوامی جدوجہد کے نتیجہ میں قائم ہوئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کی شخصی جدوجہد کے نتیجہ میں علحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملین مارچ کی طرز پر 10 مارچ کو تلنگانہ بچاؤ جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ کودنڈا رام نے جلسہ عام کے تشہیری میٹریل کو جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے شراب اسکام کا جائزہ لیں تو حکومت کی جانب سے شراب کے بیجا استعمال کا اندازہ ہوسکتا ہے۔ صرف ایک خاندان نے دہلی کی سطح پر اسکام سے بھاری منافع حاصل کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے قائدین اراضیات پر قبضوں کے معاملات میں ملوث ہیں اور دھرانی پورٹل کے ذریعہ یہ کاروبار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ چیف منسٹر کے سی آر دو رخی رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ان کا یہ رویہ تلنگانہ عوام کیلئے مصیبت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں ملین مارچ نے اہم رول ادا کیا۔ اسی جذبہ کو برقرار رکھتے ہوئے تلنگانہ بچاؤ جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس جلسہ میں تلنگانہ کے جہد کار حصہ لیں گے۔ر