ممبئی ، 6 مارچ (یو این آئی) بامبے ہائی کورٹ نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب رمضان کے دوران نماز ادا کرنے کے لیے جگہ فراہم کرنے سے متعلق ایک درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے کہا کہ ایئرپورٹ جیسے حساس مقامات پر سکیورٹی کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے اور اس معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ معاملہ جسٹس بی پی کولابا والا اور جسٹس فردوس پونے والا پر مشتمل ڈویژن بنچ کے سامنے سماعت کے لیے پیش ہوا۔ عدالت نے اپنے مشاہدے میں کہا کہ ایئرپورٹ جیسے ہائی رسک علاقوں میں سکیورٹی کو برقرار رکھنا نہایت اہم ہے اور اس سے سمجھوتہ ممکن نہیں۔ عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ رمضان کا مہینہ درخواست گزاروں کے لیے مذہبی اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے ، تاہم عدالت کے مطابق کسی مخصوص عوامی مقام پر نماز ادا کرنے کا کوئی قانونی یا مذہبی حق موجود نہیں ہے ، خصوصاً ایسے مقامات پر جہاں عوامی سلامتی متاثر ہو سکتی ہو۔ سماعت کے دوران مہاراشٹر حکومت نے عدالت کو بتایا کہ درخواست کے تناظر میں سات متبادل مقامات کا جائزہ لیا گیا تھا۔ تاہم حکام نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ سکیورٹی خدشات، علاقے میں شدید ٹریفک اور ایئرپورٹ سے متعلق جاری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے کوئی بھی مقام مناسب نہیں پایا گیا۔