ممبئی :این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا

,

   

رکن اسمبلی فرزند ذیشان صدیقی کے آفس کے باہر تین حملہ آوروں نے گولیاں داغیں
ممبئی : مہاراشٹرا کے سابق وزیر و این سی پی ( اجیت پوار ) لیڈر بابا صدیقی کا آج شام ممبئی میں تین حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کردیا ۔ ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تین افراد نے بابا صدیقی پر ان کے فرزند ذیشان صدیقی کے دفتر واقع باندرہ ایسٹ میں تین راونڈ فائرنگ کردی ۔ انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طور پر لیلاوتی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرس نے انہیں مردہ قرار دیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دو تا تین راونڈ کی فائرنگ کی گئی تھی ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور پولیس ٹیموں کو مقام واردات پر روانہ کردیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کی رات 9.30 بجے بابا صدیقی پر فائرنگ کی گئی تھی جب وہ اپنے فرزند ذیشان صدیقی کے دفتر سے باہر آ رہے تھے ۔ ذیشان صدیقی باندرہ ایسٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ دواخانہ کے ذرائع سے پتہ چلا کہ کم از کم ایک گولی بابا صدیقی کے سینے میں لگی تھی ۔ بابا صدیقی تین مرتبہ باندرہ ایسٹ سے رکن اسمبلی تھے اور وہ 48 سال کانگریس سے وابستگی کے بعد جاریہ سال فبروری میں اجیت پوار کی زیر قیادت این سی پی میں شامل ہوگئے تھے ۔ ذیشان صدیقی کو اگسٹ میں کانگریس سے خارج کردیا گیا تھا ۔ این سی پی کے ترجمان برج موہن شریواستو نے فائرنگ کے اس واقعہ پر صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ بابا صدیقی نے کبھی بھی انہیں کوئی خطرہ ہونے کا اظہار نہیں کیا تھا ۔ بابا صدیقی جہاں سیاست سے تعلق رکھتے تھے وہیں فلمی حلقوں میں بھی کافی مقبول تھے اور وہ شاندار افطار پارٹیوں کا اہتمام کرتے جن میں فلمی دنیا کی معروف اور جانی مانی شخصیتیں شرکت کرتی تھیں۔