ممبئی بمقابلہ کرناٹک ، راہانے اور شاہ پر نظریں مرکوز

   

ممبئی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کل یہاں رانجی ٹرافی کے گروپ بی کا مقابلہ ممبئی اور کرناٹک کے درمیان شروع ہوگا لیکن اس مقابلہ میں تمام تر توجہ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا راہنے اور نوجوان اوپنر پارتھوی شاہ پر مرکوز ہوگی۔ راہنے اور شاہ حیران کن طور پر رانجی ٹرافی کے گذشتہ مقابلہ میں ریلویز کے خلاف ناکام ہوئے تھے اور ڈومیسٹک کرکٹ کی بڑی ٹیم کو اندرون دو دنوں میں ہی 10 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ کل شروع ہونے والے مقابلہ میں شاہ اور راہانے کیلئے ایک شاندار موقع ہوگا کیونکہ 10 جنوری کو شاہ انڈیا اے کے ساتھ دورہ نیوزی لینڈ پر روانہ ہوں گے۔ باصلاحیت اوپنر نے گذشتہ چند مقابلوں میں بہتر شروعات تو تھی لیکن وہ اسے ایک بڑی اننگز میں تبدیل نہیںکر پائے حالانکہ انہوں نے بروڈہ کے خلاف ڈبل سنچری اسکور ضرور کی ہے۔ شاہ کو کرناٹک کے فاسٹ بولرس جوکہ یہاں باندرہ کرلا کامپلکس گراونڈ میں ہوا سے فاسٹ بولروں کو ملنے والی مدد کے خلاف سخت چیلنج رہے گا۔ دوسری جانب راہانے جنہوں نے ہندوستان کیلئے 63 ٹسٹ کھیلے ہیں انہیں نیوزی لینڈ کے دورہ سے قبل اپنا ردہم حاصل کرنے کا کل کرناٹک کے خلاف موقع دستیاب رہے گا۔