کئی گھنٹے تک تلاشی لی گئی ۔ کوئی مشتبہ شئے برآمد نہیں ہوئی ۔ دو افراد گرفتار
ممبئی ۔ ممبئی میں کل رات دیر گئے اچانک اس وقت سنسنی پھیل گئی تھی جب کسی نے کنٹرول روم فون کرتے ہوئے تین ریلوے اسٹیشنوں اور اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے پر بم رکھے جانے کی اطلاع دی ۔ تاہم بعد میں یہ جھوٹی اطلاع ثابت ہوئی اور پڑوسی تھانے ضلع سے اس سلسلہ میںدو افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ان دو افراد میں ایک کال کرنے والا بھی شامل ہے اور وہ ٹرک ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ انہیں جمعہ کی رات دیر گئے ایک کال موصول ہوا جس کے بعد چار مقامات پر تلاشی کی گئی تاہم کوئی مشتبہ شئے اس دوران دستیاب نہیں ہوئی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ ممبئی پولیس کے مین کنٹرول روم کو کل رات فون کال موصول ہوا تھا جس میں کال کرنے والے فرد نے بتایا تھا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ‘ بائی کلا ‘ دادر ریلوے اسٹیشنوں اور میگا اسٹار امیتابھ بچن کے بنگلے ( جوہو ) میں بم رکھ دیا گیا ہے ۔ کال ملنے کے بعد گورنمنٹ ریلوے پولیس ‘ ریلوے پروٹیکشن فورس نے بم کا پتہ چلانے والے عملہ اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مقامی پولیس کی مدد سے ان مقامات کی تلاشی لی ۔ سی ایس ایم ٹی ( وی ٹی ) اسٹیشن پر تمام پلیٹ فارمس ‘ ڈویژنل ریلوے مینیجر کے دفتر ‘ پارکنگ لاٹس اور دوسرے مقامات کی تلاشی لی گئی ۔ انسداد دہشت گردی دستہ کی ایک ٹیم ‘ کویک ریسپانس ٹیم اور مقامی پولیس کی ٹیموں کو بھی اس میں شامل کیا گیا تھا ۔ کئی گھنٹوں کی تلاشی کے بعد کوئی مشتبہ شئے کسی بھی مقام سے دستیاب نہیں ہوئی ہے ۔ پولیس نے کال کرنے والے کے موبائیل نمبر کا پتہ چلایا اور اس کا ممبرا ( تھانے ) کے قریب شیل پھاٹا علاقہ میں پتہ چلایا ۔ کہا گیا ہے کہ کالر مرٹھواڑہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا ٹرک ڈرائیور ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ وہ شراب کا عادی ہے ۔ اسے ایک اور شخص کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔