ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری

   

ممبئی، 26 اگست (یو این آئی) ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو ممبئی کے لئے یلو الرٹ کو بڑھاتے ہوئے بعض علاقوں میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ کے مطابق 27 اگست کو شہر کے مختلف حصوں میں شدید بارش کا امکان ہے ، 28 اگست کو درمیانی درجہ کی بارش ہونے کا اندیشہ ہے ، جبکہ 29 اگست کو پھر سے کچھ الگ تھلگ علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے ۔ حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ مقامات پر احتیاط برتیں اور سفر کے دوران حالات کو مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کریں کیونکہ مانسون کے واپس جانے کے کوئی آثار تاحال نظر نہیں آرہے ہیں۔ آئی ایم ڈی نے تھانے اور نوی ممبئی کو بھی یلو الرٹ کے دائرے میں شامل کیا ہے ۔ تھانے کے پہاڑی اور گھاٹی علاقوں میں بھاری بارش کے سبب لینڈ سلائیڈنگ اور پانی بھرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ اسی طرح نوی ممبئی کے نشیبی اور کھاڑیوں سے متصل علاقوں میں نکاسی آب کی دشواریاں پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ۔