ممبئی میں عیدمیلاد النبی ؐجلوس18 ستمبر کونکالا جائے گا

   

ممبئی : ممبئی میں اس سال عیدمیلاد النبیؐ کا جلوس گنیش وسرجن کے سبب 18 ستمبر کو نکالنے کی تجویز ہے ۔ خلافت ہاؤس میں گزشتہ شب مشاورتی میٹنگ کی گئی جس میں علماء اور ائمہ مساجد مختلف تنظیموں اور اداروں کے منتظمین اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ ایک بار پھر جلوس عید میلادالنبیؐ اور گنیش وسرجن ایک دن واقع ہونے کی وجہ سے فی الحال 18 ستمبر کو جلوس نکالنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ اس کا مقصد کسی بھی تنازعہ سے بچناہے ۔ پہلے ماضی میں بھی ایسا کیاگیا اور شہری انتظامیہ پولیس نے اس کی ستائش کی ۔ شرکاء نے کہاکہ میلاد النبیؐ منانے کا مقصد محبت کا پیغام دینا ہے ۔ اس لئے بہتر ہوگاکہ جلوس 18،ستمبر کو نکالا جائے اور اس دوران ڈی جے نہ بجایا جائے ۔ خلافت کمیٹی کے چیئرمین سرفراز آرزو نے بھی اس تبدیلی کی تصدیق کی ہے لیکن اس پر فیصلہ 7ستمبر کی میٹنگ میں متوقع ہے کیونکہ مسلمان تصادم سے بچنے کے حق میں ہیں۔ اس جلسہ کی صدارت مولانا معین الدین اشرفی معین میاں نے کی ، مولانا خلیل الرحمن نوری ، دعوت اسلامی کے مولانا شبیر احمد ، رکن اسمبلی امین پٹیل ، نظام الدین راعین ، سلیم شیخ، سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان ، پرنسپل محمد اسلم ،اقبال میمن و دیگر نے شرکت کی۔
مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور حتمی فیصلہ ہفتہ کو ممکن ہے ۔