ممبئی میں مکانات اور دیوار گرنے سے 32 افراد ہلاک

,

   

بارش سے بڑی تباہی ‘ چیف منسٹر کی جانب سے مہلوکین کے ورثہ کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان

ممبئی: ممبئی میں رات دیر گئے سے لگاتار ہو رہی بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات و دیوار گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 32 سے تجاوز کر چکی ہے۔ متاثرہ چمبور اور وکرولی کے علاقوں میں راحت رسانی کا کام جاری ہے۔فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ زمینی تودے گرنے کے بعد پہاڑی پر واقع ایک دیوار کچھ مکانات پر گر گئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ممبئی کے بھرت نگر علاقہ کی دیوار رات کے ایک بجے منہدم ہوئی۔ اس واقعہ میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی راجوادی اسپتال پہنچایا گیا۔اس کے علاوہ ممبئی کے ویکرولی نواحی علاقے میں رات گئے لگاتار بارش کے بعد لینڈ رات 2.30 بجے ہونے والی سلائڈنگ کے سبب جھونپڑی میں رہنے والے 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس واقعہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال بھیج دیا گیا۔ مضافاتی بھنڈوپ علاقہ میں بھی محکمہ جنگلات کے احاطے کی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک 16 سالہ لڑکے کی موت ہوگئی۔بھاری بارشوں کے درمیان معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہے گئے ہیں اور مضافاتی ٹرین خدمات اور گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا ہے۔ مغربی ریلوے اور وسطی ریلوے نے شدید بارش کے بعد ممبئی میں مضافاتی ٹرین خدمات کو مختصر وقت کے لئے معطل کر دیا ہے اور متعدد طویل مسافت والی ٹرینوں کو یا تو منسوخ کر دیا ہے یا ان کے اوقات تبدیل کر دئے ہیں۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے پس منظر میں ممبئی کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اورکہا کہ موسمی حالات میں اچانک تبدیلی ہونے کے بعد ممبئی میں 6 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔صدرجمہوریہ اور وزیراعظم نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ اسی دوران چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھوٹھاکرے نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا ہے ۔