بعض مقامی ٹرینیںمنسوخ ، گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر،شہری پریشان
ممبئی۔/4ستمبر،( سیاست ڈاٹ کام ) زبردست بارش سے ممبئی تباہ ہوگیا۔ مہاراشٹرا کے دیگر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش سے تباہی پھیلی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور کئی لوکل ٹرینیں منسوخ کرنی پڑی جبکہ طیاروں کی پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں اور سڑک پر کاروں کی نقل و حرکت سُست رفتار ہوگئی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ممبئی میں مزید شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کیلئے ’’ ریڈ الرٹ‘‘ جاری کیا گیا ہے اور حکم دیا ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اینٹی بائیوٹکس ادویات تیار رکھی جائیں۔ ریاستی حکومت نے تمام متعلقہ عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ مغربی مہاراشٹرا کے ذخائر آب میں پانی کی آمد پر نگرانی رکھی جائے تاکہ گزشتہ ماہ کی بارش سے ہونے والی تباہی کا اعادہ نہ ہونے پائے۔ برہن ممبئی مجلس بلدیہ نے تمام اسکولس بند کردینے کے احکام جاری کئے ہیں تاکہ طلبہ اپنی قیامگاہوں پر محفوظ رہیں۔ گڑھ چیرولی اور گونڈیا میں ودربھا کے علاقہ میں 100 سے زائد دیہات بشمول رتناگیری اور سندودرگ دیگر علاقوں سے کٹ کر الگ تھلگ ہوگئے ہیں کیونکہ سڑکیں زیر آب آگئی ہیں، زمین کھسکنے کے واقعات کی بعض مغربی علاقوں سے اطلاع ملی ہے۔ گزشتہ ہفتہ مختصر سی خاموشی کے بعد جنوب مغربی مانسون دوبارہ سرگرم ہوگیا ہے جس کے زیر اثر ممبئی اور ریاست کے دیگر کئی علاقوں میں چہارشنبہ کے دن زبردست بارش ریکارڈ کی گئی۔ زبردست بارش سے ایک ایسے وقت جبکہ عوام ریاست میں دس روزہ گنیش تہوار منارہے ہیں‘ سخت بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے مرکزی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ کئی سنٹرل اور ساحلی علاقے کی ریلوے لائنس زیر آب آگئی ہیں اور بعض لوکل ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ویسٹرن ریلوے نے کہا کہ بعض لائینس پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کی گئی ہے۔ تاہم تیز رفتار راستوں پر ہنوز ٹرینیں چل رہی ہیں۔ پانی کی سطح 300ملی میٹر سے زیادہ ہوچکی ہے جس کے پیش نظر ٹرینوں کو عارضی طور پر واسوی اور ویرار کے درمیان روک دیا گیا ہے۔