ممبئی میں چہارشنبہ کی بارش کے بعد ٹرین خدمات کا احیا

   

مجلس بلدیہ میں حاضری متاثر، تھانے اور پالگڑھ میں سیلاب، دو افراد غرق
ممبئی۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کو بارش سے راحت حاصل ہوئی جبکہ جمعرات کے دن ٹرین خدمات کا احیا ہوا اور سڑکوں پر کاریں حسب معمول چلتی نظر آنے لگیں۔ مضافاتی ٹرینیں اور نشیبی علاقوں کی سڑکیں سنسان ہوگئی تھیں۔ جبکہ چہارشنبہ کے دن زبردست بارش کے بعد ان میں پانی جمع ہوگیا تھا۔ سنٹرل لائن پر 12:15 بجے دن سے ٹرینوں کی آمد و رفت منسوخ کردی گئیں۔ کرلا تا کلیان اور 12:35 بجے چھترپتی مہاراج ٹرمینلس تا گورے گائوں ٹرین خدمات منسوخ کردی گئی تھیں۔ اسپیشل ٹرینیں آدھی رات کے بعد مسافرین کو جو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے تھے منتقل کرسکیں۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ خدمات صبح میں بحال کی گئیں۔ ویسٹرن ریلوے کی خدمات تیز رفتار پٹریوں پر چرچ گیٹ اور وسائی روڈ کے درمیان بحال کردی گئیں۔ چہارشنبہ کے دن موسلادھار بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں جیسے سیان میں پٹریاں زیر آب آگئی تھیں اور سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ مسافرین مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر پھنس گئے تھے اور پٹریوں پر پیدل چلنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ شہر کے اسکولس اور جونیئر کالجس جمعرات کو بھی بند رہے جس کی حکومت نے پیشگی ہدایت دے دی تھی۔ برہن ممبئی مجلس بلدیہ کے دفتر میں حاضری بری طرح متاثر رہی۔ دو افراد ڈیوٹی پر ہلاک ہوگئے جبکہ موسلادار بارش کا پانی مغربی مضافاتی علاقے گورے گائوں میں شروع ہوا۔ یہ واقعہ سدھارتھ نگر کے علاقے میں شام کے وقت پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت وجیندر سردار باگری عمر 36 سال اور جگدیش پرنار عمر 54 سال کی گئی ہے۔ دونوں بلدیہ میں برسر کار تھے اور مبینہ طور پر غرق ہوگئے تھے۔ انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ان کو دواخانے میں مردہ قرار دیا گیا۔ ایک 7 سالہ لڑکا اور ایک شخص سیلاب کے پانی میں بہہ گئے۔ جبکہ تھانے اور متصلہ ضلع پال گڑھ میں گزشتہ دو دن سے نالوں میں پانی بھر گیا ہے۔ یہ واقعہ منگل کے دن ڈھائی بجے پیش آیا جبکہ دونوں مہلوکین نالے میں گرکر غرق ہوگئے۔