ووہان میں 14 دن قیام کرنے والے دو افراد کی صحت پر نظر، معائنے کی رپورٹس اطمینان بخش
ممبئی۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں عوام کی کثیر تعداد کو زد میں لینے والی خطرناک وباء کورونا وائرس کے پھیلنے کے اندیشوں کے تحت پڑوسی ملک سے واپس دو افراد کو ممبئی کے ایک دواخانہ سے رجوع کرتے ہوئے ان کی صحت پر کڑی نظر رکھی گئی ہے اور یہ پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا وہ اس وائرس سے متاثر تو نہیں ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ کورونا وائرس سے ایک شخص کے متاثر ہونے کی اطلاع کے فوری بعد 19 جنوری سے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر تاحال 1789 افراد کی تھرمل اسکریننگ کی گئی۔ ان میں دو افراد چونکہ چین کا سفر کئے تھے جنہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر مزید طبی نگرانی کے لیے شہر کے کستوربا ہاسپٹل میں رکھا گیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اسکریننگ کے دوران کورونا وائرس سے تاحال کسی بھی شخص کے متاثر ہونے کا پتہ نہیں چلا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ چین کے ووہان شہر میں گزشتہ 14 دن تک قیام کرنے والے متاثرین کی تھرمل اسکریننگ کی گئی اور تاحال کوئی بھی مسافر اس وباء سے متاثر نہیں پایا گیا۔ چین کے وسطی صوبہ ہوبیٹی کے دارالحکومت ووہان میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کا پتہ چلا تھا۔ چین میں اس وباء کے پھوٹ پڑنے کے بعد بریہمن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کستوربا ہاسپٹل میں ایک علیحدہ وارڈ قائم کیا تھا۔ بی ایم سی کی ایگزیکٹیو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پدماجا کیکسر نے کہا کہ اس وائرس سے مشتبہ طور پر متاثرہ افراد کے معائنوں، شناخت اور علاج کے لیے سب سے الگ تھلگ وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ کیسکر نے کہا کہ دو افراد کو طبی نگرانی کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جنہیں ہلکا بخار اور کھانسی ہے ۔ علاوہ ازیں دیگر کچھ علامتیں بھی محسوس کی گئی ہیں۔