ممبئی کی معمولات زندگی بحال، سفر کی مشکلات جاری

   

مسافروں کا ہجوم اور خدمات میں تخفیف اہم وجہ ، اسٹیشنوں پر مسافرین کا زبردست مجمع ، بسٹ کی خدمات میں اضافہ
ممبئی۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسکول اور کالجس کھل گئے اور مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور یہ لاکھوں تک پہنچ گئی جس کے نتیجہ میں پہلے ہی سے خطرناک سفر ٹرینوں کے پرہجوم ہوجانے کی وجہ سے اور بھی زیادہ خطرناک ہوگیا جبکہ زبردست بارش کے بعد ہندوستان کا سب سے گنجان آباد شہر ممبئی سست رفتار سے اپنی معمولات زندگی بحال کررہا ہے۔ ایک دن قبل ہی 2005ء سے اب تک سب سے زبردست بارش ہوئی تھی جبکہ ملک کا معاشی دارالحکومت خدائی کہر کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگیا تھا لیکن شہر کے کئی علاقوں میں اب پانی اترنا شروع ہوگیا ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے دیوار گرنے کے واقعات میں ریاست گیر سطح پر کم از کم 22 انسانی جانیں ذائع ہوچکی ہیں۔ بارش کی وجہ سے جو تباہی پھیلی ہے اس کے بعد شہر ٹکڑے جوڑنے میں مصروف ہے۔ لوگ اپنے گھروں سے کچرا صاف کررہے ہیں جو سیلابی پانی کے ساتھ گھروں میں گھس گیا تھا۔ مضافاتی ٹرینوں سے سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ بعض روٹس پر کارکردگی میں تخفیف کردی گئی تھی۔ مسافروں کا زبردست ہجوم صبح کے مصروف اوقات میں مختلف اسٹیشنوں پر دیکھا جارہا تھا جس کی وجہ سے سنٹرل ریلوے اپنے سابقہ فیصلے کو منسوخ کرنے پر مجبور ہوگیا جو اتوار کے دن فراہم کرنے والی خدمات کے مطابق کام کررہا تھا۔ تاہم لاکھوں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ مضافاتی ٹرینوں کی خدمات میں تخفیف کردی گئی تھی۔ کئی مسافرین نے ٹوئٹر کا سہارا لیا تاکہ اپنی بے چینی کا اظہار کرسکیں اور خدمات میں تخفیف اور زبردست ہجوم کی وجہ سے ہونے والی سخت مشکلات پر اپنے جذبات ظاہر کرسکیں۔

سنٹرل ریلوے کے ترجمان اعلی سنیل اداسی نے کہا کہ ہم نے اتوار کے مطابق خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ منسوخ کردیا ہے اور مضافاتی خدمات حسب معمول فراہم کی جارہی ہیں۔ مسافر ٹرینوں میں سوار ہونے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ آج صبح سے ویسٹرن ریلوے کی ٹرینیں بلا رکاوٹ چلنا شروع ہوگئی ہیں۔ بسٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ممبئی میں بسوں کا وسیع ترین بیڑا چلانے والی بسٹ کمپنی نے 3203 بسیں پہلے ہی سے چلانا شروع کردیا تھا۔ مزید 2950 بسیں مضافات میں چلنا شروع ہوگئی ہیں ۔ 75 پروامیں منسوخ کردی گئیں۔ ایر لائنس نے 203 خدمات مسلسل بارش کی وجہ سے معطل کردیں کیوں کہ رن وے پر جہاں طیارے پرواز کرتے تھے یا اترتے تھے پانی ٹھہرا ہوا تھا جس کی وجہ سے طیاروں کی آمد و رفت میں تقریباً 48 گھنٹے کا فرق پڑا۔ خانگی محکمہ موسمیات اسکامیٹ کے بموجب چہارشنبہ سے جمعہ تک سیلاب آنے کا خطرہ ہنوز باقی ہے۔ 375.2 ملی میٹر بارش گزشتہ 24 گھنٹے کے درمیان ساڑھے آٹھ بجے صبح تک ریکاڈر کی گئی۔ یہ 26 جولائی 2005ء کے بعد ہونے والی زبردست بارش تھی جس میں شہر ممبئی زیر آب آگیا تھا۔ مجلس بلدیہ کے بموجب وہ ہنگامی احالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔