ممبئی12جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عروس البلاد ممبئی کو سال بھر پانی فراہم کرنے کے سبھی ذخائر آب پر امیدافزائبارش کی وجہ حکام مطمئن ہیں اور گزشتہ دوہفتے کی مسلسل بارش نے ان جھیلوں میں پانی کی اضافہ کردیا ہے جوکہ ممبئی کے شہریوں کے لیے ایک راحت کی بات ہے ۔جبکہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ(بی ایم سی ) نے یہ خوش خبری بھی دی ہے کہ تلسی ذخیرہ آب لبریز ہوچکا ہے ۔کیونکہ اس کے اردگرد دس بارہ دنوں سے بھاری بارش ہورہی ہے ۔ بی ایم سی ذرائع نے مطلع کیا ہے کہ تلسی جھیل میں 139.17میٹر پانی جمع رہتا ہے اور آج صبح سویرے جھیل 137.10میٹر کے نشان کو چھوچکی ہے اور بارش کا سلسلہ یہاں جاری ہے ۔تلسی تالاب ممبئی کو پانی فراہمی کرنے والی سات جھیلوں میں سے ایک ہے ،جوکہ ہرسال ممبئی کو 14لاکھ 47ہزار 363ایم ڈی ایم پانی سپلائی کرتی ہیںجبکہ فی الحال ان جھیلوں میں تقریباً6لاکھ36ایم ڈی ایم لیٹر پانی جمع ہوچکا ہے جوکہ ایک تسلی بخش امر ہے ۔ممبئی میں مانسون کی تاخیر کی وجہ سے بی ایم سی نے پانی کی فراہمی میں10فیصد کی کٹوتی کردی تھی ،اس سے قبل گزشتہ سال پانی کی کمی کے سبب کٹوتی کا سلسلہ جاری رہا اور اب یہ کچھ نرمل ہونے کی امید ہے ۔