ممبئی کے ایک اسکول میں 22 طلبہ کورونا سے متاثر

   

متعلقہ اسکول مہر بند ، پڑوسی ریاست کی صورتحال پر تلنگانہ کے والدین میں بے چینی
حیدرآباد۔27اگسٹ(سیاست نیوز) ممبئی میں ایک اسکول میں 95طلبہ کے آر ٹی پی سی آر معائنہ کے بعد 22 طلبہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں اور اسکول کی عمارت کو حکام کی جانب سے مہر بند کردیا گیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہاجا رہاہے کہ کلاسس میں طلبہ کی شرکت کو لازمی قرار دیا جائے گا ۔ساؤتھ ممبئی کے بورڈنگ اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کے بعد ان کے معائنہ کا فیصلہ کیا گیا اور برہین ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے 95 طلبہ کا آرٹی پی سی آر معائنہ کیا گیا جن میں 22 طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی اور انہیں مختلف دواخانوں میں شریک کروایا جاچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان میں 4 طلبہ ایسے ہیں جن کی عمر 12 سال سے کم ہے اور انہیں کسی طرح کے آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انہیں شہر کے نائر ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے تاکہ ان کے بہتر علاج کو یقینی بنایاجاسکے۔ اسی طرح12تا18 سال عمرکے 12 طلبہ کورونا وائر س سے متاثرہ پائے گئے ہیں جنہیں کوویڈ کئیر سنٹر رچرڈسن میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ 18سال سے زیادہ عمر کے 6 طلبہ ہیں جنہیں کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے اور ان طلبہ کو قرنطینہ کی مدت کی تکمیل اور علاج کے لئے کروڈاس کمپنی کے احاطہ میں موجود کوویڈ کئیر سنٹر میں شریک کیا گیا ہے۔ریاست مہاراشٹرا کے علاوہ کیرالہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے دیئے گئے مشورہ میں کہا گیا ہے وہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے متاثرہ علاقوں میں رات کے کرفیو کے نفاذکے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیں۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ والدین اپنے بچوں کو کوروناوائرس سے محفوظ ماحول کی فراہمی کی ضمانت طلب کر رہے ہیں جبکہ اسکول انتظامیہ ایسی کوئی ضمانت دینے کے موقف میں نہیں ہے علاوہ ازیں ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولو ںمیں صفائی کے انتظامات کے آغاز کا دعویٰ کیا جا رہا ہے لیکن حقیقت میں صفائی کے انتظامات پر اسکول عملہ خود مطمئن نہیں ہے اور ممبئی کے ڈونگری میں واقع اسکول میں بچوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعدتلنگانہ کے والدین میں بھی بے چینی پیدا ہونے لگی ہے۔M