حیدرآباد۔2 جنوری (سیاست نیوز) ممبئی میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے مریضوں میں 37 فیصد مریض اومی کرون نامی کورونا وائر س کی نئی قسم سے متاثر ہیں اور ان میں 90 فیصد سے زیادہ نے کوئی سفر نہیں کیا ہے ۔برہین ممبئی میونسپل کارپوریشن کے عہدیدارو ںکی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ 375 کورونا وائرس کے مریضوں کے نمونوں کو جینوم جانچ کیلئے روانہ کیا گیا تھا جن میں 141 افراد کو اومی کرون کی توثیق ہوئی ہے جو کہ 37فیصد ہوتی ہے۔عہدیدارو ںنے اس بات کی توثیق کی ہے کہ 90فیصد سے زیادہ اومی کرون متاثرین نے حالیہ عرصہ میں کوئی سفر نہیں کیا ہے اسی لئے ممبئی میں اومی کرون کے سماجی پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت گیر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بی ایم سی کے مطابق کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کرنے والوں میں علامات کم پائے جار ہے ہیں۔