ممبئی ہوائی اڈہ کاترک ایوی ایشن کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم

   

ممبئی ، 16 مئی (یو این آئی) چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈہ (CSMIA) نے ترک ایوی ایشن کمپنی سیلبی کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے ۔ یہ فیصلہ حکومت ہند کی جانب سے سیلبی کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کیے جانے کے بعد کیا گیا۔ حکام نے جمعہ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق خدشات کی بنیاد پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ ممبئی اور احمد آباد ہوائی اڈوں کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے (CSMIA) اور سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے (SVPIA) پر سیلبی کے ساتھ کیے گئے گراؤنڈ ہینڈلنگ کنسیشن معاہدے منسوخ کر دیے گئے ہیں، کیونکہ حکومت ہند نے کمپنی کی سیکیورٹی کلیئرنس واپس لے لی ہے ۔ بیان کے مطابق، سیلبی کو فوری طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام گراؤنڈ ہینڈلنگ سہولیات ہوائی اڈے انتظامیہ کے حوالے کرے تاکہ ہوائی اڈے کے آپریشنز میں کوئی خلل نہ آئے ۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ نئی منتخب شدہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیاں ایئر لائنز کو خدمات کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھیں گی۔