ممتا بنرجی بنگالی شیرنی، مودی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے

,

   

ایک ایسی باکردار خاتون کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی پہچان ہوائی چپل اور کاٹن کی ساڑی ہے: شتروگھن سنہا

پٹنہ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ناراض لیڈر شتروگھن سنہا نے نریندر مودی حکومت پر طنز و تنقید کا ایک تازہ ترین وار کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کو نشانہ بناتے ہوئے مودی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے۔ شتروگھن سنہا نے ممتا بنرجی کو ایک آزمودہ، پختہ کار اور تجربہ کار عوامی رہنما قرار دیا۔ بہار کے حلقہ لوک سبھا پٹنہ صاحب سے لگاتار دوسری میعاد کے لئے منتخب شعلہ بیان قائد نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیاکہ مرکز میں اقتدار پر فائز پارٹی (بی جے پی) اپنی ساکھ، صداقت و اعتبار سے محروم ہوگئی ہے اور اب ہمارے کچھ کہنے پر لوگ یقین نہیں کررہے ہیں۔ اداکار سے سیاست داں بننے والے شتروگھن سنہا نے جو حال ہی میں کولکتہ میں ممتا بنرجی کی طرف سے منعقدہ اپوزیشن ریلی میں شرکت کے ذریعہ اپنی پارٹی (بی جے پی) کو چراغ پا کردیا تھا، آج ٹوئٹر پر کہاکہ ’سرجی! یہ کیا ہورہا ہے۔ کافی رسوائی اور مذمتوں کا سامنا کرنے والے سرکاری اداروں کے ذریعہ ہم آگ سے کھیل رہے ہیں۔ وہ بھی ایک ایسے وقت جب الیکشن بہت قریب ہیں‘۔ شتروگھن سنہا نے مزید کہاکہ ممتا بنرجی ایک آزمودہ و تجربہ کار عوامی رہنما اور انتہائی پاک صاف ساکھ و کردار کی حامل بنگالی شیرنی ہے۔ اس خاتون کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی شناخت و پہچان ہوائی چپل اور کاٹن کی ساڑی ہے۔ ہم اپنی صداقت اور اعتبار تقریباً کھو ہی چکے ہیں اور جو کچھ بھی ہم کہہ رہے ہیں اس پر لوگ یقین نہیں کررہے ہیں۔