چیف منسٹر مغربی بنگال کا پیر کو دورۂ دہلی سے قبل اہم اقدام
نئی دہلی : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ترنمول کانگریس کی پارلیمنٹری پارٹی کی نئی چیرپرسن ہوں گی۔ پارٹی ایم پی ڈیرک اوبرائن نے جمعہ کو یہ اعلان کیا۔ آئندہ ہفتے ممتا بنرجی دہلی کا دورہ کررہی ہیں۔ نئی تبدیلی سمجھا جاتا ہے کہ طاقتور علاقائی لیڈر کے لئے عظیم تر قومی رول کیلئے تیاری ہے۔ ایم پی سدیپ بندیو پادھیائے سے جائزہ حاصل کرنے والی ممتا بنرجی ایسے چند سیاسی قائدین میں شامل ہوجائیں گی جنھوں نے پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوئے بغیر اپنی پارٹی کے پارلیمانی جتھے کی قیادت کی ہو۔ 1998 ء میں سونیا گاندھی نے کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی قیادت کی تھی جب اُنھیں پارٹی کی سربراہ بنایا گیا تھا۔ ڈیرک نے دہلی میں نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ممتا بنرجی ترنمول پارلیمنٹری پارٹی کی چیرپرسن بن رہی ہیں۔ اِس ضمن میں ہم ضروری کارروائی کررہے ہیں۔ ممتا بنرجی 7 مرتبہ کی ایم پی ہیں۔ وہ پہلے سے ہی پارلیمنٹری پارٹی کی رہنمائی کرتی رہی ہیں۔ تازہ فیصلہ حکمت پر مبنی ہے۔ ترنمول کانگریس کی طرف سے آج کا اعلان جاریہ طوفانی پارلیمنٹ سیشن کے درمیان سامنے آیا ہے جس میں ترنمول ایم پی ڈاکٹر سانتانو سین کو وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اشونی ویشنو کے پیگاسیس جاسوسی اسکینڈل پر دیئے گئے جواب کو پھاڑ دینے کی پاداش میں تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ڈیرک نے پارلیمنٹ کی کارروائی میں بار بار خلل اور اپوزیشن کے شوروغل کے بارے میں کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کی کارروائی چلے۔ ہم دو تین مسائل پر مباحث چاہتے ہیں۔ پیگاسیس کا مسئلہ مباحث طلب ہے۔ زرعی قوانین کی تنسیخ بھی ہمارا مقصد ہے۔ اِسی کیلئے ہم پارلیمنٹ میں جدوجہد کررہے ہیں۔