کولکاتا : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا ہے کہ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت کے تئیں بڑے پیمانے عوامی ناراضگی ہے اور اس کا احساس بھی ہورہا ہے ۔ممتا حکومت کے خاتمہ کا آغاز شروع ہوچکا ہے ۔امیت شاہ بنگال کے سہ روزہ دورے پر ہیں ، انہوں نے الزام عاید کیا کہ ممتا بنرجی نے ریاست کے عوام کو مرکزی اسکیموں سے فائدہ حاصل کرنے سے روک دیا ہے ۔یہ اسکیمیں غریبوں تک نہیں پہنچ پارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں کل رات سے ہی بنگال میں ہوں اور ممتا بنرجی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی غم و غصہ کا احساس کرسکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیات میں بنگال میں تبدیلی آئے گی اور ہمیں اس کا اعتبار ہے۔ انہوں نے بانکوڑہ برسا منڈا کے مجسمہ پر پھول چڑھانے کے بعدمجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی 80اسکیموں سے بنگال کے عوام کو محروم کیا گیا ہے۔ میں بنگال کے عوام کے چہرہ میں تبدیلی کی خواہش دیکھ رہا ہوں اور یہ صرف مودی کی قیادت میں ہی ہوسکتا ہے۔