ممتا بنرجی کا طیارہ فضا میں ایک گھنٹے تک لگاتا رہا چکر موسم بہتر ہونے پر بحفاظت لینڈنگ

   

کولکتہ۔ 27 مارچ (ایجنسیز) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس وقت ایک غیر معمولی صورتِ حال سے دوچار ہوئیں جب ان کا چارٹرڈ طیارہ خراب موسم کے باعث کولکاتا میں طے شدہ وقت پر لینڈ نہیں کر سکا اور ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک فضا میں گردش کرتا رہا۔ بعد ازاں موسم میں بہتری آنے پر طیارہ بحفاظت اتار لیا گیا، جس پر متعلقہ حکام اور عملے نے راحت کی سانس لی۔ وزیر اعلیٰ دن بھر انتخابی سرگرمیوں میں مصروف رہیں اور مغربی بردوان اور بیر بھوم اضلاع میں جلسوں سے خطاب کرنے کے بعد واپس کولکاتا روانہ ہوئیں۔ ان کا طیارہ تقریباً ساڑھے تین بجے انڈال ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا اور اسے شام چار بجے کے قریب کولکاتا پہنچنا تھا۔ تاہم جب طیارہ کولکاتا کے نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے قریب پہنچا تو شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا، لیکن خراب موسمی حالات کے سبب فوری لینڈنگ ممکن نہ ہو سکی۔ اس دوران طیارہ ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک فضا میں چکر لگاتا رہا۔ ایک مرحلے پر یہ بھی غور کیا گیا کہ اگر موسم میں بہتری نہ آئی تو طیارے کو کسی قریبی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا جائے۔
بالآخر شام کے وقت موسم میں بہتری آئی اور ایئر ٹریفک کنٹرول نے لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ طیارہ تقریباً پانچ بج کر انیس منٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔ ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث کچھ دیر کے لیے پروازوں کی آمد و رفت بھی متاثر رہی اور تقریباً بیس منٹ تک آپریشن عارضی طور پر روکنا پڑا۔