نئی دہلی: چیف منسٹر مغربی بنگال اور ترنمول کانگریس صدر ممتا بنرجی کو اسمبلی انتخابات سے پہلے ایک اور بڑا جھٹکہ لگا ہے۔ ہفتہ کے روز راجیو بنرجی سمیت 5 سابق ترنمول کانگریس لیڈروں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ راجیو بنرجی نے حال ہی میں ترنمول کانگریس چھوڑ دی تھی۔ ان کے ساتھ رکن اسمبلی پربیر گھوشال اور بیشالی ڈالمیا اور ہاوڑا کے سابق میئر رتن چکرورتی ایک خصوصی طیارہ سے دہلی پہنچے اور بی جے پی کے سابق لیڈروں سے ملاقات کی۔ گھوشال اور ڈالمیا کو حال ہی میں ترنمول کانگریس سے معطل کردیا گیا تھا۔نادیا ضلع کی رانا گھاٹ مغربی اسمبلی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے سابق رکن اسمبلی پارتھ سارتھی چٹوپادھیائے اور اداکار رودری نل گھوش بھی ان لیڈروں کے دہلی سفر کے دوران ان کے ساتھ تھے۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل رائے اور قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ بھی ان کے ساتھ دہلی پہنچے تھے۔ اس سے پہلے، دن میں راجیو بنرجی نے کہا تھا کہ ان کی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بات چیت ہوئی ہے، جنہوں نے انہیں دارالحکومت دہلی بلایا ہے۔انہوں نے کولکاتا ایرپورٹ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس سے میرے استعفیٰ کے بعد مجھے بی جے پی قیادت کی طرف سے فون آیا۔ امیت شاہ نے مجھے دہلی آنے کو کہا تھا۔ راجیو بنرجی نے کہا تھا ’اگر مجھے ریاست کی ترقی سے متعلق یقین دہانی ملتی ہے تو میں پارٹی میں شامل ہوجاوں گا۔ انہوں نے مجھ سے پانچ دیگر اہم شخصیات کو بھی اپنے ساتھ چلنے کی اطلاع دینے کی گزارش کی، جو بہتر طریقے سے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں’۔ بی جے پی میں ان کے ممکنہ کردار سے متعلق پوچھے جانے پر راجیو بنرجی نے کہا کہ یہ پارٹی کو طے کرنا ہے۔