کولکتہ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کے ممبران اسمبلی کے رویہ کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کی ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی تقریر کے دوران بی جے پی کے ممبران اسمبلی مودی مودی اورجے شری رام کے نعرے لگارہے تھے ۔بجٹ سیشن کے پہلے دن گورنر بی جے پی کے ممبران اسمبلی کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے تقریر نہیں کرسکے اور وہ صرف علامتی طور پر اپنے خطبہ کے ابتدا اور اختتام کے چند سطر پڑھ کر بجٹ سیشن کا آغاز کردیا ہے ۔آج اسپیکر نے بی جے پی کے دو ممبران اسمبلی مہر گوسوامی اور سدیپ مکھرجی کو موجودہ سیشن تک کے لئے معطل کردیا ہے ۔بی جے پی کے ممبران اسمبلی نے اسپیکر کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا ۔اس درمیان ممتا بنرجی نے گورنر کے خطبے پر تحریک شکریہ پیش کیا ۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے جیسے ہی تقریر کرنا شروع کی، بی جے پی کے ممبران اسمبلی نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔جے شری رام کے نعرے لگانے لگے ۔بی جے پی کے ممبران کی ہنگامہ آرائی کے دوران ممتا بنرجی نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
