ممتاز عالم دین مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری کا انتقال

,

   

حیدرآباد ۔ 18 اگست (راست) تلنگانہ کی معروف شخصیت و ممتاز عالمِ دین مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری کا طویل علالت کے بعد 18اگست 3 بجے شب انتقال ہوگیا۔ آپ حافظ محمد عبدالغنی سابق نائب ناظم مدرسہ فیض العلوم سعیدآباد کے فرزند اکبر اور مولانا محمد عبدالقوی ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کے برادرِ کبیر تھے۔ ادارہ اشرف العلوم خواجہ باغ سعیدآباد میں بعد نماز ظہر نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ مولانا محمد عبدالقوی نے پڑھائی۔ کْرما گوڑہ مسجد معراج سے متصل قبرستان سلطان دائرہ میں تدفین عمل میں آئی۔ مفتی صاحب کے انتقال کی اطلاع پاکر تلنگانہ، آندھراپردیش، کرناٹک اور مہاراشٹرا سے بڑی تعداد میں محبین و تلامذہ نے شہر حیدرآباد کا رْخ کرتے ہوئے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں آپ کی علمی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مولانا مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا پردیش کے نائب صدر ، سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے صدر، ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد ٹرسٹ کے سرپرست اور آل انڈیا بیت الامداد کے سرپرست تھے۔ مولانا کی رحلت کی افسوسناک خبر سْن کر ملک بھر سے علماء کرام نے تعزیتی پیغامات روانہ کئے جن میں مفتی ابوالقاسم نعمانی، مولانا ارشد مدنی، مولانا محمود مدنی، مولانا محمد ذکریا (شیخ الحدیث دارالعلوم ندوہ العلماء)، مفتی محمد سلمان منصور پوری، مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی شامل ہیں۔ نماز جنازہ میں ریاست کے علماء کرام اور سیاسی نمائندوں کی بڑی تعداد شامل تھی جن میں مولانا احمد عبداللہ طیب، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مفتی صادق محی الدین، حافظ پیر شبیر احمد، مفتی غیاث الدین رحمانی، مولانا عبید الرحمن اطہر، مولانا غیاث احمد رشادی، جناب حامد محمد خان، جناب مشتاق ملک، محمد علی شبیر (سابق وزیر)، امجد اللہ خاں خالدو دیگر شامل ہیں۔