قابضین کی تفصیلات اکٹھا ، تعاون کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی ممکن
حیدرآباد۔ ریاست میں منادر کی جائیدادوں پر ہونے والے قبضہ جات کی تحقیقات کا عمل قریب الختم ہے اور کہا جار ہاہے کہ عہدیدارو ںکی جانب سے محکمہ انڈومنٹ کی جائیدادوں پر کئے جانے والے قبضہ جات کی تفصیلات تیار کرلی گئی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے منادر اور محکمہ انڈومنٹ کی جائیدادوں پر کئے جانے والے قبضہ جات اور ان پر موجود قابضین کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایا جاری کی گئی تھیں جس پر ریاستی حکومت کے محکمہ مال کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کے دوران محکمہ مال کے عہدیداروں نے منادر کی جائیدادوں کی نشاندہی اور ان کی ملکیت کی توثیق کے لئے محکمہ آرکائیوز میں موجود سلطنت آصفیہ کے دورکے فرامین اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی توثیق کی ہے کہ ریاست تلنگانہ میں انڈومنٹ کی جائیدادوں پر ناجائز قبضہ جات کئے گئے ہیں اور ان کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ مال اور دیگر محکمہ جات پر مشتمل کمیٹی کے ذمہ داروں نے جس طرح سے صورتحال کا جائزہ لیا ہے کہا جا رہاہے کہ جلد ہی ناجائز قابضین کی مدد کرنے والے مختلف عہدیداروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی جس میں وزارت بلدیہ ‘ پنچایت کے عہدیداروں کے علاوہ ناجائز قابضین کو برقی میٹرس کے حصول میں مدد کرنے والے تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹڈ کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔تحقیقاتی کمیٹی کے ذمہ داروں کے مطابق ان محکمہ جات کے تعاون کے بغیر اور عہدیداروں کی ملی بھگت کے بغیر انڈومنٹ کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اسی لئے ان محکمہ جات کے ان عہدیدارو ںکے خلاف کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا جن عہدیداروں نے ناجائز قابضین کو مدد کی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق جن جائیدادوں کے خرید و فروخت پر امتناع ہے اور جو جائیدادیں محکمہ انڈومنٹ کے تحت ہیں ان پر غیر مجاز قابضین اور ان کے زیرتصرف اراضیات کے سلسلہ میں تیار کی گئی رپورٹ میں گودام بنائے جانے کے علاوہ دیگر اغراض و مقاصد کے استعمال کیلئے ان جائیدادوں اور اراضیات کا استعمال کیا جا رہا تھا لیکن اب ان تمام قابضین کو نوٹس کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے محکمہ انڈومنٹ کی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے۔