مسلمانوں کو احتجاج کیلئے مجبور کرنے کی سازش ، گستاخوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ ، کورٹلہ پولیس کو یادداشت
کورٹلہ:۔ مسلمانان کورٹلہ کا ایک وفد جناب احمد عبدالنعیم ریاستی نائب صدر ایم پی جے،مولاناسید مظہر القاسمی صدر جمعتہ العلماء ضلع جگتیال کی قیادت میں ٹی آر ایس پارٹی کانگریس آئی ،ایم آئی ایم اور دیگر مسلم یوتھ تنظیموں کے قائدین پر مشتمل وفد نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق قومی ترجمان نپور شرما اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی سابق قائد جناب نوین جندل کے خلاف پولیس اسٹیشن کورٹلہ میں کیس درج کروایا اور سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔جناب احمد عبدالنعیم ریاستی نائب صدر ایم پی جے جناب مظہر قاسمی صدر جمعتہ العلماء ضلع جگتیال نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمارے ملک اور دیگر ریاستوں میں وہاں کئی حکومتیں جس طرح دیگر مذہب کے ماننے والے افراد کا خیال رکھ رہی ہیں، اِس طرح مذاہب اسلام کو ماننے والے افراد کا بھی خیال رکھا جائے اور اُن کا بھی اس طرح احترام کیا جائے ۔اُنھوں نے کہا کہ ملک میں چند شر پسند عناصر ایسے ہیں جو اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مکدر کرنے کی کو شش کر رہے ہیں ۔ اس ملک کے ہندو ومسلمانوں میں انتشار اور خلفشا ر پیدا کرتے ہوئے اِ س ملک کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اس لئے ایسی اوچھی کر رہے ہیں ۔اِن قائدین کی حرکتوں پر مسلمان مجبور اً احتجاج کے لئے سڑکوں پر اُتر رہے ہیں۔اُنھوں نے کہا کہ مذہبی شخصیتوں کو بُرا بھلا کہتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکا رہے ہیں اور ہندو اور مسلمانوں میں نفرت کے بیج بوکر اس گنگا جمنی تہذیب کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔جناب صابر علی صدر ایم آئی ایم پارٹی کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر نے جو دستور مرتب کیا ہے۔اس میں تمام مذہب کے افراد کواپنے مذاہب پر چلنے کی مکمل ازادی دی گئی ہیں۔