میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے حق رائے دہی کا استعمال حکمراں پارٹی کیلئے اہم
حیدرآباد۔تلنگانہ راشٹر سمیتی نے نومنتخبہ کارپوریٹرس کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے تمام ان بہ اعتبار عہدہ رائے دہندوں کے لئے وہپ جاری کیا ہے جو کہ مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے لئے اپنے حق رائے دہی کا مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں استعمال کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے دوران 56نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی اور اس کے علاوہ ٹی آر ایس کے پاس 32 ووٹ بہ اعتبار عہدہ موجود ہیں جن میں ارکان راجیہ سبھا ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے ووٹ شامل ہیں اس کے باوجود تلنگانہ راشٹر سمیتی کو مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کیلئے 9 ووٹ کی کمی پائی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے اپنے مئیر اور ڈپٹی مئیر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور اسی حکمت عملی کے تحت 11 فروری کو ہونے والی حلف برداری اور مئیر و ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے سلسلہ میں اجلاس میں لازمی شرکت کے لئے وہپ جاری کیا گیا ہے۔