چار افراد گرفتار ، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش بھگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بنگلور سے حیدرآباد منشیات کی اسمگلنگ کرنے والی ایک ٹولی کو اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر اور سرور نگر نے بے نقاب کردیا ۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے بتایا کہ 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اور ان کے قبضہ سے 12 گرام ہیرائن کو ضبط کرلیا گیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 26 سالہ عامر معز ساکن بنگلور ، محمد سعد 26 سالہ ساکن بنگلور 24 سالہ پالم سرینواس ساکن منی کنڈہ اور 20 سالہ وینکٹ ساکن کرمن گھاٹ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ عامر معز جو بنگلور میں کار ڈیلنگ کا کاروبار کرتا ہے ۔ منشیات کو سعید کے حوالے کرتا تھا ۔ سعید اور سرینواس دونوں دوست ہیں اور وینکٹ بھی ان سے منشیات کو خریدا کرتا تھا ۔ منشیات کو استعمال کرنے کے علاوہ یہ لوگ منشیات کو فروخت بھی کرتے تھے ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ پرتاپ جو مفرور ہے ۔ منشیات کو فراہم کرتا تھا اور معز کے حوالے کرتا تھا ۔ ان کے ذریعہ شہر حیدرآباد میں منشیات کا ایک بڑا جال تیار کیا جارہا تھا کہ پولیس نے چوکسی کے سبب اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ 5 ہزار روپئے فی گرام ہیرائن خرید کر 8 تا 10 ہزار روپئے میں فی گرام فروخت کررہے تھے اور ان کی ڈیلنگ کے دوران سرور نگر اور ایس او ٹی ایل بی نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں بے نقاب کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور ان کے مزید گراہکوں اور خریداروں کے متعلق تحقیقات جاری ہے ۔۔ ع