حیدرآباد ۔ 10 مئی (سیاست نیوز) شہر میں منشیات کے ایک اور ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے خاتون ڈاکٹر اور منشیات سپلائی کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔ 39 سالہ خاتون ڈاکٹر شہر کے ایک معروف ہاسپٹل میں برسرخدمات تھی جوکہ کوکین حاصل کرتے ہوئے نارکوٹک بیورو کے ہاتھوں گرفتار کرلی گئی۔ خاتون ڈاکٹر نمرتا چگروپائی اور ڈرگ سپلائر بالاکرشنا کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 53 گرام کوکین کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے کارروائی میں 10 ہزار روپئے نقد رقم اور دو سیل فون کو بھی ضبط کرلیا جس کے ذریعہ مزید گرفتاریوں اور منشیات استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ نمرتا مہاراشٹرا کے تھانے میں پب جایا کرتی تھی اور پب میں ڈی جے سے اس کی ملاقات ہوئی تھی۔ خاتون ڈاکٹر ڈی جے سے ملاقات اور دوستی کے بعد منشیات کی عادی بن گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون ڈاکٹر نے ایک سال کے عرصہ میں منشیات کے اسمگلر ونش ٹھاکرے سے تقریباً 70 لاکھ روپئے منشیات کو خریدا اور کل تازہ کارروائی میں 53 گرام کوکین کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ خاتون کی ڈاکٹرکی جانب سے طلب کی گئی کوکین کو رائے درگم علاقہ میں حاصل کیا جارہا تھا بالاکرشنا نامی شخص جو ونش ٹھاکر کیلئے کام کرتا ہے، کوکین خاتون ڈاکٹر کے حوالے کرنے رائے درگم آیا تھا جو اس دوران گرفتار کرلیا۔ یہ کوکین 5 لاکھ روپئے مالیت کی بتائی گئی ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ ونش ٹھاکر منشیات کی سپلائی کیلئے ایک واٹس ایپ گروپ کا استعمال کرتا تھا۔ پولیس نے اس گروپ کی تفصیلات کو حاصل کرلیا ہے جس میں سرمایہ دار گھرانوں کے لڑکوں کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ پولیس نے اس تعلق سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ع