منصفانہ انتخابات بیلٹ پیپر سے ہی ممکن: حنان ملا

   

Ferty9 Clinic

ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کی جا سکتی ہے
نئی دہلی ۔ 3؍جنوری ( ایجنسیز )الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کے حوالے سے سی پی آئی (ایم) کے رہنما حنان ملا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر منصفانہ انتخابات کرانا مقصود ہے تو بیلٹ پیپر ہی واحد متبادل ہے۔ سی پی آئی (ایم) لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب کرناٹک میں ایک سروے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ای وی ایم پر83 فیصد سے زیادہ لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ حالانکہ یہ سروے کرانے والی این جی او ’گرام‘ کی معتبریت پر سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔اس سروے کے بارے میں سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہا کہ ای وی ایم پر شک ہے اور رہے گا۔ اس میں چھیڑ چھاڑ کی جا سکتی ہے۔ جن ممالک میں ای وی ایم شروع کی گئی تھی وہاں سے بھی ای وی ایم کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھا جا رہا ہے کہ انتخابات میں ایک پارٹی کو زبردست حمایت حاصل ہوتی ہے لیکن انتخابی نتائج میں دوسری پارٹی جیت جاتی ہے۔ منصفانہ انتخابات بیلٹ پیپر سے ہی ہوتے ہیں اس لئے بیلٹ پیپر سے ہی انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔دریں اثنا فلم اسٹار شاہ رخ خان کی آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کے لیے بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کے انتخاب پر کہانی کار دیوکی نندن ٹھاکر کی جانب سے تنازع کھڑا کرنے پر حنان ملا نے کہا کہ میں ہمیشہ ایسے کسی بھی لیڈر کی مذمت کرتا ہوں جو مذہب، سیاست کو کھیل اور ثقافت کے ساتھ جوڑ کر دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل، گیمس اور ثقافت کو ایسے اثرات سے مکمل طور پرالگ رکھا جانا چاہئے۔