نئی دہلی۔ 23 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ نے پیر کو دارالحکومت کے تہاڑ جیل میں بند سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم سے ملاقات کی ۔ چدمبرم کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گزشتہ 21 اگست کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے 5 ستمبر کو انہیں تہاڑ جیل بھیج دیا تھا ۔ سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کا تہاڑ جاکر سابق وزیر خزانہ سے ملاقات کرنا ظاہرکرتا ہے کہ پارٹی ان کے ساتھ پوری طرح کھڑی ہے ۔ کچھ دن قبل ہی کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور احمد پٹیل نے بھی تہاڑ جیل میں چدمبرم سے ملاقات کی تھی۔ واضح ر ہے کہ گذشتہ 5 ستمبر سے جیل میں بند 74 سالہ چدمبرم کو عدالت سے گزشتہ تین ہفتے میں کوئی راحت نہیں ملی ہے ۔