نئی دہلی۔اولمپک سلیکشن ٹرائلز میں سب سے کامیاب شوٹر بننے کے بعد اولمپین منو بھاکر پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ مانو نے ٹرائلزکے اختتامی دن خواتین کا 10 میٹر ایئر پسٹل میچ جیتا، جس نے دو مقابلوں میں ٹرائلز میں اپنی چوتھی جیت حاصل کی، دوسرا خواتین کا 25 میٹر اسپورٹس پسٹل تھا جہاں انہوں نے اپنی برتری ثابت کی۔ اولمپک سلیکشن ٹرائلز کے اختتام کے بعد نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) پیرس اسکواڈ کے بارے میں سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا، جو جلد ہی ہونے کی امید ہے۔ سلیکشن ٹرائلز میں متاثرکن مظاہرہ کے بعد مانو نے مسلسل دوسری اولمپک میں شرکت کے لیے خودکو تیارکرلیا ہے۔ 22 سالہ پستول شوٹر نے کہا کہ وہ گولڈ میڈل کے حصول کے لیے بہت محنت کررہی ہے۔