منچریال میں پہلا پازیٹیو کورونا وائرس کیس

   

شدید بخار کی شکایت پر حیدرآباد منتقل ، خاتون فوت
منچریال۔17اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع منچریال ، چنور منڈل ، متاراؤ پلی گاؤں کی 48سالہ خاتون حیدرآباد میں کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں فوت ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب خاتون کو گذشتہ 3یوم سے شدید بخار تھا ۔ چنور ہاسپٹل سے بغرض علاج منچریال کے ایک پرائیوٹ ہاسپٹل لایا گیا ، شدید بخار اور تشویشناک صحت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے حیدرآباد گاندھی ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا ۔ گاندھی ہاسپٹل پہنچنے پر وہاں کے ڈاکٹرز نے اس مریض کو کنگ کوٹھی گاندھی ہاسپٹل جانے کی صلاح دی ۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل کے احاطہ میں پہنچنے کے دوران ہی خاتون ایمبولنس میں ہی فوت ہوگئی ۔ وہاں کے ڈاکٹروں نے متوفی کے بلڈ نمونے حاصل کرلئے ۔ عثمانیہ میڈیکل کالج حیدرآباد کے وی آر ڈی ایل ڈپارٹمنٹ آف مائیکرو بیالوجی میں متوفی خاتون کے بلڈ نمونے کا ٹسٹ کیا گیا جہاں پر کورونا وائرس پازیٹیو پایا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی ضلع نظم و نسق ، ضلع پولیس فوراً حرکت میں آتے ہوئے چنور منڈل کے متا راؤ پلی کو مہربند کرتے ہوئے ہلاک خاتون کے آخری رسومات میں شرکت کرنے والوں اور اس سے گذشتہ ہفتہ کون کون لوگ رابطے میں آئے تھے سب کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہے ۔ پولیس ذرائع کے بموجب گاؤں کے تقریباً تمام لوگوں آئسولیشن سنٹر بیلم پلی بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے اور چنور منڈل میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا بار بار انتباہ دیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ ابھی تک منچریال محفوظ زون میں تھا ۔ آج ضلع میں ایک کورونا مثبت مریض کی اطلاع پر عوام میں سراسیمگی دیکھی جارہی ہے ۔ ضلع نظم و نسق نے وائرس کے مزید پھیلنے کو روکنے کیلئے تمام تر اقدامات کرتے ہوئے تحدیدات سخت کردیئے گئے ہیں ۔