نئی دہلی ۔ /22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) منگلورو سٹی پولیس نے ان دو افراد کے ناموں کو بھی ایف آئی آر میں ملزمین کی فہرست میں شامل کیا ہے جو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہوئے ہیں ۔ شہریت قانون کے خلاف /19 ڈسمبر کو منگلورو شہر کے بوندر علاقہ میں احتجاج کے موقع پر پولیس کی فائرنگ میں (49) سالہ جلیل اور (23) سالہ نوشین جاں بحق ہوگئے تھے ۔ ایف آئی آر کے مطابق یہ دونوں بھی سی اے اے کے خلاف پرتشدد احتجاج کا حصہ تھے جو مسلم تنظیموں کی جانب سے کیا گیا تھا ۔
جلیل کو ملزم نمبر 3 جبکہ نوشین کو ملزم نمبر آٹھ بتایا گیا ہے ۔ پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے پر جملہ 77 افراد کے ناموں کو ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر یدی یورپا نے کل متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا اور دکھشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر سندھو بی روپیش کو متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی ۔
