منگوڑ میں ناراض قائدین کو منانے ریونت ریڈی سرگرم ہوگئے

   

پارٹی امیدوار پی شراونتی نے حیدرآباد پہونچ کر صدر پردیش کانگریس سے ملاقات کی
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان سے اسمبلی حلقہ منگوڑ کیلئے پالوائی شراونتی کو امیدوار بنانے کے بعد دوسرے دعویداروں میں مایوسی اور ناراضگی کو دور کرنے صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی میدان میں کود پڑے ہیں۔ تلنگانہ کانگریس کی جانب سے تمام سینئر قائدین کے اتفاق رائے سے چار نام دہلی کو روانہ کئے گئے تھے۔ ہائی کمان نے پی شراونتی کو امیدوار بنانے کا کل سرکاری طور پر اعلان کیا ہے جس کے بعد ریونت ریڈی تمام دعویداروں سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں ہائی کمان کے فیصلے کو قبول کرنے اور پارٹی امیدوار پی شراونتی کو کامیاب بنانے متحدہ کام کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔ پارٹی امیدوار کے بشمول دوسرے دعویداروں کو آج حیدرآباد طلب کیا تاکہ انہیں سمجھایا منایا جاسکے۔ پارٹی امیدوار پالوائی شراونتی اور کرشناریڈی نے آج حیدرآباد پہنچ کر صدر پردیش کانگریس سے ملاقات کی ۔ ریونت ریڈی نے پی شراونتی کو مبارکباد دے کر دوسرے دعویداروں کو ساتھ لیکر متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کرشناریڈی کو تیقن دیا کہ پارٹی ان کی خدمات سے استفادہ کرے گی۔ آج شام میں گاندھی بھون میں ریونت ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں ٹکٹ کے دوسرے دعویدار پلے روی، کیلاش، کرشنا ریڈی کے علاوہ پارٹی امیدوار کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ن