منی پور تشدد کے خلاف حیدرآباد میں بائیں بازو جماعتوں کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

تشدد کے لیے بی جے پی ذمہ دار، سیکولر و جمہوری طاقتوں کو متحد ہونے کا مشورہ
حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) بائیں بازو جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ منی پور کے واقعات کے پس پردہ بی جے پی کی سازش ہے۔ سی پی آئی اور سی پی ایم کی جانب سے آج حیدرآباد میں منی پور کے واقعات اور خاص طور پر خواتین پر مظالم کے خلاف ریالی اور دھرنا منظم کیا گیا۔ لبرٹی چوراہے سے امبیڈکر مجسمہ ٹینک بنڈ تک بائیں بازو جماعتوں نے ریالی منظم کی جس میں سی پی آئی کے قومی سکریٹریز ڈاکٹر کے نارائنا، سید عزیز پاشاہ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے بائیں بازو قائدین نے مرکزی حکومت پر منی پور کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے چیف منسٹر ریاست میں قبائیل کے خلاف تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ بی جے پی مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے منی پور کے تشدد کو ہوا دے رہی ہے۔ ملک میں سیکولرازم، جمہوریت اور امن و امان کی برقراری کیلئے نریندر مودی حکومت کی اقتدار سے بیدخلی ضروری ہے۔ ملک کی تمام سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہونا چاہیئے۔ خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور مظالم سے نریندر مودی کا نعرہ بیٹی بچاؤ کوکھلا ثابت ہوا ہے۔ بائیں بازو کی جماعتوں نے منی پور کے چیف منسٹر سے استعفی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ استعفی نہ دینے کی صورت میں حکومت کو برطرف کیا جائے۔ انہوں نے ’بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ، چیف منسٹر منی پور استعفی دو‘ جیسے نعروں کے ساتھ احتجاج کی قیادت کی۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ قبائیل کے خلاف ہتھیاروں کا کھلے عام استعمال ہورہا ہے اور حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہو تو صورتحال پر قابو پانا کوئی مشکل نہیں ہے۔ انہوں نے منی پور میں ہتھیاروں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ بدسلوکی پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں 54 ہزار ایکر اراضی اڈانی کمپنی کے حوالے کردی گئی۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں منی پور کی صورتحال پر راہ فرار کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مباحث کے مطالبہ کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ کے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ مرکز نے اقتدار کو برقرار رکھنے کیلئے بی جے پی منی پور میں حالات کو بگاڑ رہی ہے تاکہ دیگر مسائل سے عوام کی توجہ ہٹادی جائے۔ سی پی آئی اور سی پی ایم قائدین نے مرکز میں بی جے پی حکومت کے خاتمہ کیلئے سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہونے کا مشورہ دیا۔ احتجاج میں سی پی آئی کے ریاستی سکریٹریٹ رکن ای ٹی نرسمہا، حیدرآباد ضلع سکریٹری ایس چھایا دیوی، ریاستی سکریٹریٹ کے ارکان وی ایس بوس، بی وینکٹیشم اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔