منی پور جل رہا ہے ، کشمیر میں فوجی ہلاک ہوئے : اسد اویسی

   

وزیراعظم مودی کرناٹک میں سیاسی فائدہ پانے ’ دی کیرالا اسٹوری ‘ فلم کی پروموشن میں مصروف
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کی کامیابی کیلئے فلم ’ دی کیرالا اسٹوری ‘ کی تشہیر کررہے ہیں تاکہ سیاسی فائدہ اٹھایا جاسکے تاہم وہ بھول رہے ہیں کہ وہ ایک جلیل القدر عہدے پر فائز ہیں ۔ منی پور جل رہا ہے ۔ تشدد بھڑک اٹھا ہے ، لوگ مر رہے ہیں ۔ کشمیر میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں فوجی ہلاک ہوئے ہیں ۔ اس کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے ۔ وزیراعظم کے لیے سیاسی مفادات ہی سب کچھ ہوگیا ۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کو کامیاب بنانے کے لیے وزیراعظم ’ دی کیرالا اسٹوری ‘ فلم کا سہارا لینے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف اور صرف کرناٹک کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے فلم ’ دی کیرالا اسٹوری ‘ کو منظر عام پر لایا گیا ہے ۔ مسلم خواتین کو بدنام کرنے کی سازش کے تحت یہ فلم بنائی گئی ہے ۔ پہلے 32 ہزار خواتین داعش میں شامل ہونے کا اس فلم کے ذریعہ پروپگنڈہ کیا گیا جب معاملہ عدالت سے رجوع ہوا تو صرف تین خواتین کا ثبوت دیا جارہا ہے ۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ جموں کشمیر میں فوجی ہلاک ہوئے منی پور میں خانہ جنگی چل رہی ہے ۔ وزیراعظم ایسے اہم واقعات کو فراموش کردیا ہے ۔ کرناٹک میں روڈ شو کررہے ہیں پاکستان کی تائید سے دہشت گرد ہمارے فوجیوں پر حملہ کررہے ہیں ۔ دہشت گردوں کے حملے میں 5 فوجی ہلاک ہوگئے ۔ منی پور تشدد میں کئی گاوں آگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں ۔ عوام گھر چھوڑ کر جان بچانے نکل پڑے ہیں ۔ مگر ہمارے وزیراعظم فلم دی کیرالا اسٹوری کی تشہیر کرنے میں مصروف ہیں ۔۔ ن