امپھال: (یو این آئی) : منی پور میں ایک مغوی شخص کو بازیاب کرایا گیا اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی مختلف کارروائیوں میں11 دیگر انتہا پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص کو مشتبہ انتہا پسندوں نے اغوا کیا تھا۔ ریاستی پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ تھوبل ضلع کے لیلونگ پولیس اسٹیشن کے تحت این ایچ-102 پر لیلونگ پل سے ایک انتہا پسند تنظیم کے تین ارکان کو تاوان کے لئے لامفیل کے رمس کیمپس سے اغوا کرنے کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا۔ اس شخص کو بھی بچا لیا گیا۔ ایک اور واقعہ میں، سیکورٹی فورسز نے تھوبل ضلع کے تھوبل – پی ایس کے تحت لامڈنگ کھمانتھیم لیئکائی سے کے سی پی (ایم ایف ایل) کے چار ارکان کو گرفتار کیا۔ ایک اور کارروائی میں، سیکورٹی فورسز نے امپھال-مغربی ضلع کے سیکمائی-پی ایس کے تحت سیمکائی بازار سے ایک تنظیم کے ایک فعال کیڈر کو گرفتار کیا۔ سینا پتی ضلع کے طافاؤ کوکی گاؤں میں تلاشی مہم شروع کی گئی اور دو آتشیں اسلحہ برآمد کیا گیا۔