مواضعات میں ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں

   

رعیتو ویدیکا کی تعمیر ، پارک کے قیام اور دیگر امور پر عہدیداروں کے ساتھ ضلع ایڈیشنل کلکٹر کا جائزہ اجلاس

پداپلی۔مواضعات میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی پداپلی ضلع ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ہریتا ہارم ‘ رعیتو ویدیکا کی تعمیر ‘ شمشان گھاٹ ‘ پارک کا قیام اور دیگر متعلقہ امور پر بروز پیر ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے اپنے چیمبر میں متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست میں سر سبز وشادابی بڑھانے کے تحت حکومت کی جانب سے آغاز کردہ تلنگانہ کو ہریتا ہارم پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے تحت اور ہمارے ضلع کو مختص کئے گئے اہداف کی تکمیل کے لئے فرض شناسی سے کام کرنا چاہئے۔ چھٹویں مرحلے کہ ہریتا ہارم کے تحت ہر موضع میں پارک کے قیام کا وزیر اعلیٰ کے احکامات کے بموجب درکار اراضی کی شناخت کی گئی ہے۔ اس اراضی میں میاواکی طریقہ کار سے شجر کاری کرنے کی ایڈیشنل کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پارک کے قیام کے لئے شناخت کردہ اراضی کو صاف کر متعلقہ کاموں کا آغاز کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع میں منڈل کی سطح پر گذشتہ ہفتے لگائے گئے پودوں کی تفصیلات ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے دریافت کیں اور طئے کردہ اہداف کے حصول کے تحت تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ ہر گرام پنچایت کے حدود میں قائم کئے جانے والے شمشان گھاٹ کے تعمیری کاموں میں سرعت پیدا کرجلد از جلد مکمل کرنیکی ہدایت دی۔انھوں نے کہا کہ کسانوں کو متحد کرنے کے تحت حکومت نے رعیتو ویدیکا ؤں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعلیٰ خود ان رعیتو ویدیکاؤں کی تنقیح کرینگے۔ ضلع کے 54 کلسٹروں میں رعیتو ویدیکا کے تعمیری کاموں کو وقت مقررہ پر یعنی ماہ اکٹوبر کے اواخر تک طئے کردہ اہداف کے مطابق مکمل کرنے کی انھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلعی دیہی ترقیاتی عہدیدار ونود کمار ‘ ضلع پنچایت آفیسر وی۔ سدرشن ‘ ضلعی عہدیدار برائے جنگلات روی پرساد ‘ ضلعی زرعی عہدیدار ترومل پرساد ‘ ای ای پنچایت راج مْنی راج اور متعلقہ عہدیداروں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔