موافق سی اے اے ریمارکس: گورنر عارف محمد خان پر طلباء برہم

,

   

کنور ، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا یوتھ کانگریس اور اسٹوڈنٹس یونین کے ورکرس نے آج ریاستی گورنر عارف محمد خان کو یہاں سیاہ پرچم دکھائے اور انھیں تنگ کیا۔ گورنر کنور یونیورسٹی میں 80 ویں انڈین ہسٹری کانگریس کا افتتاح کرنے یہاں پہنچے تھے۔ پولیس نے چھ کانگریس ورکرس بشمول صدر کے ایس یو ڈسٹرکٹ پی محمد شمس اور یوتھ کانگریس لیڈر آر ماکٹی کو حراست میں لیا ہے۔ گورنر کو انڈین ہسٹری کانگریس میں اپنی تقریر کے دوران مندوبین کی طرف سے احتجاجوں کا سامنا بھی ہوا ۔ مندوبین نے گورنر کو تنگ کیا جب انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری مخالف سی اے اے ایجی ٹیشن کے تعلق سے تبصرہ کیا ۔ عارف خان نے بار بار کہا کہ آپ کو احتجاج کا پورا حق ہے لیکن آپ مجھے چیخ کر چپ نہیں کراسکتے ۔ جب آپ مباحث اور بات چیت کا دروازہ بند کردیتے ہو تو آپ تشدد کو بڑھاوا دیتے ہو ۔ مختلف یونیورسٹیوں کے اسٹوڈنٹس کو گورنر کی تقریر کے دوران احتجاجی پلے کارڈ دکھاتے ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ انہیں پولیس نے وہاں سے فوری ہٹادیا ۔ اس واقعہ کے بارے میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے سکریٹری انڈین ہسٹری کانگریس نے کہا کہ بعض مندوبین پرامن طور پر بطور احتجاج کھڑے ہوئے اور ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے ۔ انہیں پولیس نے سختی سے ہٹادیا ۔