موبائل فون کے دو سارقین گرفتار

   

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے موبائیل فون کی رہزنی میں ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ موبائیل فون برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 جنوری کی شام سیف آباد پولیس اسٹیشن حدود یعنی نظام کلب کی گیٹ کے قریب دو نامعلوم موٹر سیکل سواروں نے ایک شخص کا موبائیل فون چھین کر وہاں سے راہ فرار اختیار کی تھی۔ رہزنوں نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے یہ واردات انجام دی تھی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ سے بچنے کیلئے گلی کوچوں سے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر 23 سالہ عمر فاروق ساکن زیبا باغ آصف نگر اور اس کے ساتھی 22 سالہ یاسر خان ساکن مراد نگر مہدی پٹنم کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے رہزنی میں استعمال کی گئی موٹر سیکل اور مسروقہ موبائیل فون ضبط کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو سیف آباد پولیس کے حوالے کردیا۔