تشکیل تلنگانہ میں آنجہانی جئے پال ریڈی کا اہم رول ۔ آنجہانی کی خدمات کا تذکرہ
حیدرآباد26 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جئے پال ریڈی اگر نہ ہوتے تو علیحدہ تلنگانہ تشکیل نہیں پاتا ۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں جئے پال ریڈی کا رول ناقابل فراموش ہے۔ جئے پال ریڈی میموریل ایوارڈ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ جب جئے پال ریڈی اپوزیشن میں تھے تو صحتمندانہ تنقیدیں کیا کرتے تھے اور حکومتوں کو مشورے دیا کرتے تھے۔ جئے پال ریڈی ایک اصول پسند قائد تھے، آخری سانس تک وہ اپنے اصولوں پر قائم رہے۔ جب انہیں حکمرانی میں وزارت کا موقع ملا تو انہوں نے کئی اصلاحات لاتے ہوئے ترقیاتی اقدامات کئے اور فلاحی اسکیمات سے عوام کو فائدہ پہنچایا۔ کلواکرتی علاقہ کی ترقی کیلئے انہوں نے بہت کوششیں کی ہیں جس کو محبوب نگر کے عوام کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ سیاست میں انہوں نے 40 سال خدمات انجام دیتے ہوئے عوام کے دلوں میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ جئے پال ریڈی آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ تلنگانہ کی تحریک میں انہوں نے اہم رول ادا کیا ۔ اس وقت کی یو پی اے چیرپرسن سونیا گاندھی کو علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے رضامند کرایا۔ تلنگانہ سے نرسمہا راؤ کے بعد جئے پال ریڈی دوسرے بڑے قائد گذرے جو اپنی ریاست، تلگو عوام کی ترقی کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ جب وہ مرکزی وزیر تھے انہوں نے میٹرو ریل کی منظوری میں اہم رول ادا کیا ہے۔ شہری ترقی میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جئے پال ریڈی جیسی سوچ رکھنے والی سیاست آج دیکھنے میں نہیں آتی۔ نظریاتی سیاست کی جگہ سویگی سیاست نے لی ہے۔ آج سیاسی معیار گھٹ رہا ہے، نوجوان نسل کو جئے پال ریڈی کی سیاسی زندگی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ 2