مودی ،اندرا گاندھی کی طرح نہ ہچکچائیں: کانگریس ایم ایل اے

   

بنگلورو: بنگلہ دیش میں سیاسی انتشار اور ہندو اقلیتوں پر مبینہ مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹک میں کانگریس کے ایک ایم ایل اے نے چہارشنبہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی طرح فیصلہ کن فوجی کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ بنگلورو کے شیواجی نگر اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے رضوان ارشد نے مودی کو ایک خط لکھا جس میں ان پر زور دیا گیا کہ وہ 1971 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی طرف سے کی گئی فوجی کارروائی کی طرح ایک قدم اٹھائیں۔ رضوان ارشد نے مودی کو لکھے اپنے خط میں کہا کہ میں آج آپ کو یہ خط ہندوستان کے شہری کے طور پر لکھ رہا ہوں، جو بنگلہ دیش میں جاری سیاسی بحران سمیت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ خبروں اور ویڈیوز سے سخت پریشان ہیں۔ خطے میں ہندو اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ہنگاموں اور مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے ان سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ نہ صرف بنگلہ دیش بلکہ ہندوستان میں بھی اقلیتوں کے خدشات کو دور کرنے کیلئے ’فیصلہ کن کارروائی‘ کریں۔ کانگریس ایم ایل اے نے کہا کہ اگر یہ رپورٹس درست ہیں تو ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہیکہ انڈیا ان مسائل کو حل کرنے کیلئے ’متحرک موقف‘ اختیار کرے۔