’مودی اقتدار چھوڑو ‘ مہم شروع کرنے ڈی ایم کے کا انتباہ

   

ٹاملناڈو کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا : اودئے ندھی
چینائی : ٹاملناڈو کے عوام مرکز ی حکومت کو کبھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ اس کی نیشنل ایجوکیشن پالیسی اور سہ لسانی پالیسی کوٹامل عوام پر تھوپا جائے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اودئے ندھی اسٹالن نے آج اس بیان کے ساتھ انتباہ دیا کہ اگر ٹامل عوام کے حقوق چھیننے کی کوئی کوشش ہوتی ہے تو عوام ’ مودی اقتدار چھوڑو‘ مہم شروع کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی کیخلاف احتجاج ریاست بھر میں شدت اختیار کرے یا نہیں ، یہ بات وزیراعظم نریندر مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت پر منحصر ہے ۔ گزشتہ مرتبہ جب آپ لوگوں نے ٹاملوں کے حقوق چھیننے کی کوشش کی تو عوام نے واپس جاؤ مودی کی مہم چھیڑی تھی ۔اودئے ندھی برسراقتدار ڈی ایم کے اور اس کی حلیف پارٹیوں کی ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ اگر آپ دوبارہ ٹامل عوام کے ساتھ ایسی کوئی کوشش کرتے ہیں تو اس مرتبہ مودی اقتدار چھوڑو ایجی ٹیشن شروع کرتے ہوئے آپ کو واپس بھیجا جائے گا ۔ انہوں نے آل انڈیا اناڈی ایم کے پارٹی سے بھی احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل کی۔