مودی اور فریڈرک مرز ’بین الاقوامی پتنگ میلہ‘ میں شریک ہوئے

   

احمد آباد، 12 جنوری (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز گجرات کے احمد آباد میں سابرمتی ریور فرنٹ پر منعقدہ ’بین الاقوامی پتنگ میلہ 2026‘ میں شریک ہوئے ۔اس موقع پر وزیرِ اعظم مودی اور چانسلر مرز نے پتنگ اُڑانے کا لطف بھی اٹھایا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی احمد آباد کے سابرمتی ریور فرنٹ پر ’بین الاقوامی پتنگ میلہ 2026‘ کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے اس میلے کو شاندار بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اس میلے میں دنیا کے 30 سے زائد ممالک کے 150 سے زیادہ بین الاقوامی پتنگ باز اپنی منفرد پتنگوں کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں، جبکہ گجرات اور ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے پتنگ باز بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ معزز مہمانوں کے لیے بڑے اور نہایت دلکش اسٹیج تیار کیے گئے ہیں۔ بین الاقوامی پتنگ میلے میں ملک و بیرونِ ملک کی دیوقامت اور منفرد طرز کی پتنگیں آسمان میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ثقافتی پروگراموں، گجراتی دستکاری اور فوڈ اسٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔