نئی دہلی، 8 اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر ٹیلی فونک بات چیت کی۔ قبل ازیں جمعرات کو قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے ماسکو میں پوتن سے ملاقات کی۔وزیراعظم آفس کے مطابق صدر پیوٹن نے وزیراعظم کو یوکرین سے متعلق تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔ مودی نے صدر پوتن کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے شکریہ ادا کیا اور روس۔ یوکرین تنازعہ کے پرامن حل کیلئے ہندوستان کے مضبوط موقف کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ ایجنڈے میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ہندوستان اور روس کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے صدر پوتن کو اس سال کے آخر میں 23 ویں ہندوستان-روس سالانہ چوٹی کانفرنس کے لئے ہندوستان آنے کی دعوت بھی دی۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستانی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی بڑھانے کے اعلان کے پیش نظر مودی اور پوتن کے درمیان ہونے والی بات چیت کو کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔