مودی اور یاہو کا مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے جمعہ کو ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ نیتن یاہو نے مودی کو ٹیلی فون کیا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے ہندوستان کے 78 ویں یوم آزادی پر مودی کو اپنی نیک تمنائیں اور مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔مودی نے وہاں حالات کو معمول پر لانے پر زور دیا۔ انہوں نے ایک بار پھر ہندوستان کے موقف کو دہرایا۔انہوں نے کہا کہ تمام یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے اور متاثرہ افراد کو انسانی امداد فراہم کی جائے ۔ انہوں نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور ہندوستان۔اسرائیل اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔اس سے قبل بنگلہ دیش میں نگراں حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے بھی مودی سے فون پر بات کی تھی۔