وزیراعظم مودی کہتے ہیں کہ وہ آپ کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آئے ہیں… میڈیا کے ذریعہ اس سوال کے پوچھے جانے پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ اتنا مہنگا ہو گا۔ درحقیقت ایک رپورٹر نے مودی کے اس ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے پوار سے جواب طلب کیا۔ جس کے جواب میں انہوں نے یہ بات کہی۔ ساتھ ہی شرد پوار نے کہا کہ قومی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں کہ غیر بی جے پی جماعتوں کو ایک ساتھ لانے کے لیے اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور وہ اپنی عمر کی وجہ سے کوئی ذمہ داری نہیں لینا چاہتے۔ تھانے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے 2014 سے ‘اچھے دن’ لانے، انٹرنیٹ کے ذریعے گاؤں کو جوڑنے، اور ہر گھر کو بیت الخلا، پانی اور بجلی فراہم کرنے سمیت اپنے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کر سکے۔ پوار نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد صرف چھوٹی پارٹیوں کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔