گگ ورکرس کو جدید دور کا غلام بنانے کی کوشش کا الزام، تلنگانہ گگ ورکرس پالیسی کا آغاز
:محمد نعیم وجاہت:
حیدرآباد۔ 14 نومبر: قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے مرکزی حکومت، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ صرف کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں اور گگ ورکرس [Gig Workers ] کے علاوہ دوسرے کارکنوں کو جدید دور کا غلام بناتے ہوئے ان کا استحصال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حیدرآباد کے دورے کے موقع پر راہول گاندھی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ تلنگانہ گگ ورکرس پالیسی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مرکز کی مودی حکومت اور آر ایس ایس پر سخت تنقید کی اور کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران گگ ورکرس کی فلاح و بہبود کا جو وعدہ کیا گیا تھا، اسے آج عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ راہول گاندھی نے واضح کیا کہ اگر کوئی ان کارکنوں کو غلام بنانے اور ان کا استحصال کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی گگ ورکرس کو نوکر نہیں، ترقی میں برابر کا شراکت دار بنائے گی۔راہول گاندھی نے تشویش ظاہر کی کہ گگ ورکرس کے حوالے سے درست معلومات دستیاب نہیں ہیں اور انہیں یہ بھی علم نہیں ہوتا کہ ان کی محنت کا انہیں کتنا معاوضہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گگ ورکرس حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں یا سنگین بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں تو انہیں ناقابلِ تلافی مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے اس قانون کے ذریعہ 5 لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ فراہم کیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ہی 10 لاکھ روپے تک مفت طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گگ ورکرس کیلئے پنشن، سماجی تحفظ اور بچت کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ ہر ڈلیوری سے ایک فیصد رقم گگ ورکرس بورڈ کے ذریعہ براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں جمع کرانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے یقین دلایا کہ کانگریس حکومت گگ ورکرس کے حق، تعلیم، صحت اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔