شعبہ مواصلات (کانگریس) کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا ترجمان اعلیٰ کانگریس کا بیان
نئی دہلی ۔ کانگریس نے مودی حکومت کو کسان مخالف بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سات سال سے ملک کے کسانوں کوکچلنے کاکام کیا جارہا ہے ان کے حقوق کوپامال کیا جارہا ہے ۔ کانگریس محکمہ مواصلات کے چیف رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کبھی کسانوں پرلاٹھی برساتی ہے ، کبھی آنسو گیس چھوڑتی ہے ، تو کبھی ان کی راہوں میں کیل کانٹے بچھاتی ہے ۔ سڑکوں پر سونے کو مجبور کسانوں کو حکومت کبھی دہشت گرد، کبھی خالصتانی بتاتی ہے ۔ کسانوں کے ساتھ کانگریس کی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کسانوں کے آج منعقدہ مظاہرہ کی حمایت کرتی ہے اور حقوق کی ہرلڑائی میں ملک کے کسان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پچھلے سات ماہ سے کسانوں کوپریشان کررہی ہے اور انہیں شکست دینے کے لئے سازشیں کررہی ہے ۔ مسٹر سرجے والا نے کہا کہ 2014 میں مودی حکومت نے سب سے پہلے آرڈیننس کے ذریعہ کسانوں کی زمین پرقبضہ کرنے کی کوشش کی۔ پھر انہیں سہاراقیمت پر لاگت کے ساتھ 50 فیصد منافع دینے سے انکار کردیا۔ سال 2018 میں کسان سمّان ندھی سے ملک کے 14 کروڑ 65 لاکھ کسانوں کو محروم کیا۔ مسٹر سرجے والا نے کہا کہ ایک طرف حکومت کسانوں کو چھ ہزار روپے ہرسال سمان ندھی دے کر کسانوں کی مدد کی بات کرتی ہے تو دوسری جانب گزشتہ چھ سالوں میں ڈیزل کی قیمت 55.49 روپے سے بڑھا کر 88.65 روپے فی لیٹر کردیا ہے ۔ اس طرح سے حکومت نے چھ سال میں تقریباً 33.16 روپے فی لیٹر ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کاشت کاری میں لگنے والے ان پٹ جیسے کھاد، کیڑے مارنے والی دوا، فیرومین ٹریپ، ٹریکٹر، ڈرپ اور اسپرنکلر اوردیگرآلات پرپانچ سے 15 فیصد تک جی ایس ٹی لگنے سے کھیتی کی لاگت قیمت تقریباً 20 ہزار روپے فی ہیکٹر بڑھادیا ہے ۔ مطلب کہ ایک طرف حکومت چھ ہزارروپے سالانہ کسان کو دینے کا ڈھونگ رچتی ہے اوردوسری طرف کسان کی جیب سے 20 ہزار روپے فی ہیکٹر نکال لیتی ہے ۔ سرجے والا نے کہا کہ پھر یہ حکومت زراعت مخالف تین ظالمانہ اورسیاہ قانون لے کرآئی ہے جن سے کسان کی محنت سے سرمایہ داروں کا فائدہ یقینی بنایا گیا ہے ۔
کورونا مہلوکین کے ورثا کو ایک لاکھ روپے کا مطالبہ
پڈوچیری ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پڈوچیری یونٹ نے کورونا وائرس سے مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی امداد کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ مطالبہ ہفتہ کو یہاں بی جے پی پڈوچیری کے صدر وی سامی ناتھن کی زیر صدارت پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ایک قرارداد پیش کرکے کیا گیا۔
اس میٹنگ میں ایک اور تجویز پیش کی گئی ، جس میں ریاستی حکومت سے مطابہ کیا گیا کہ وہ کورونا سے مرنے والوں کی آخری رسومات کے اخراجات برداشت کرے ۔ میٹنگ میں اس بات کی مذمت کی گئی جس میں کانگریس اور اس کے رہنماؤں پر الزام لگایا گیا کہ وہ ‘ٹول کٹ’ کے ذریعہ کورونا وائرس کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران کہا گیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی روک تھام اور اس وبا سے ہونے والی اموات کو کم کرنے کے لئے تمام اقدامات کئے ہیں۔